قصاص اور حدود میں قرعہ اندازی کو استعمال کرنا
محدود اور معیَّن افراد کے درمیان وجود قاتل کے علم اجمالی کے بارے میں فرمائیں:۱۔ کیا قاضی قاتل کو معین اور قصاص کو جاری کرنے کے لئے قُرعہ کو بروئے کار لاسکتا ہے؟۲۔ جواب کے منفی ہونے اور دیت کی ادائیگی کے لازمی ہونے کی صورت میں ، دیت کو کون ادا کرے گا؟ اس کے ادا کرنے کا طریقہ کیا ہوگا؟
قرعہ ابواب قصاص اور حدود میں جاری نہیں ہوگا۔دیت ان تمام کے درمیان بطور مساوی تقسیم ہوگی۔
قتل عمد میں حقِ قصاص کا مالک
قتل عمد میں حق ِ قصاص کا مالک کون ہے؟ مجنی علیہ (مقتول) یا اولیاء دم (وارثین)
مجنی علیہ حقِ قصاص کا مالک ہے اوریہ حق اس سے ورثہ کی طرف منتقل ہوتا ہے۔
اس لڑکے یا لڑکی کا ولی دم جس کو باپ یا دادا نے زخمی کیا ہو
اگر باپ یا دادا اپنے چھوٹے بچے پر ضرب وجرح کے مرتکب ہوں تو حاکم شرع تک کون شکایت پہنچائے گا؟ کیا اس صورت میں قصاص ممکن ہے؟ با پ یا داد کی دیت یا قصاص کے اوپر محکومیت کی صورت میں ، دیت کا وصول کرنا، یا قصاص کا جاری کرنا کس کے اوپر ہے؟
اس جیسے موارد میں حاکم شرع، صغیر کا ولی ہے اور وہ ہی احقاق حق کرے گا۔
دیت اور قصاص میں صغار (بچوں) کی مصلحت کا خیال کرنا
اگر مقتول کے وارثین صغیر ہوں تو حضور فرمائیں:۱۔ کیا ہمیشہ اولیاء صغار کا دیت لینا صغار کے لئے اصلح وبہتر ہے، یا یہ کہ صغیر کا ولی، حسب حالت، جانی کو معاف یا قصاص کا مطالبہ کرسکتا ہے؟۲۔ کیا اس جگہ ولی اور قیّم کے دائرہ اختیار میں کوئی فرق ہے؟
غالباً دیت لینا صغار کی مصلحت میں ہوتا ہے؛ لیکن بہت ہی نادر جگہیں ایسی ہےں کہ عفو یاقصاص صغار کی مصلحت میں ہو۔دونوں کو چاہیے کہ صغیر کی مصلحت کو مدنظر رکھیں۔
تمام اولیاء دم (وارثین) کا صغار ہونا
جب تمام اولیاء دم (وارثین) صغیر ہوں تو تکلیف کیا ہے؟
صبر کی مصلحت کی صورت میں صبر کرنا چاہیے اور قاتل کو ، ضمانت لے کر اور بچوں کی کفالت کی شرط پر آزاد کردیں تاکہ بچے بڑے ہوکر خود فیصلہ کریں اور اگر ولی مصلحت دیکھے (کہ غالباً مصلحت اسی میں ہے) تو دیت لے لے۔
مقتول مسلمان کے اولیاء دم کاحاضر ہونا
اگر مقتول مسلمان ہو، لیکن اولیاء دم کافر ہوں تو کیا کرنا چاہیے؟
حاکم شرع اولیاء دم کو حاضر کرے گا اور ان کو اسلام کی دعوت دے گا، اگر قبول کرلیا تو قاتل کا اختیار ان کے سپرد کردے گا کہ وہ قصاص کریں یا دیت لے لیں اور اگر اسلام کو قبول نہ کریں تو حاکم شرع دیت لے گا اور بیت المال کو دے دےگا۔
اولیاء دم کے اوپر دسترسی کا ممکن نہ ہونا
اگرحال حاضر میں اولیاء دم سے رابطہ ممکن نہ ہو لیکن آئندہ میں ان تک پہنچنے کا امکان ہو تو حکم کیا ہے؟
صبر کریں تاکہ دسترسی حاصل ہوجائے؛ لیکن چنانچہ وقت طولانی ہو تو قاتل کو وثیقہ اور کفالت کافی لینے کے بعد آزاد کردیں
قصاص کے موارد میں ولی کا قاتل کو معاف کردینا
قتل کے مورد میں جب نوبت حاکم کی ولایت تک پہنچ جائےتو فرمائیے کیا ولی امر ، اولیاء دم کی مانندقصاص کی درخواست یا دیت لینے کے علاوہ عفو کا حق بھی رکھتا ہے؟
ولی امر عفو کا حق نہیں رکھتا ؛ بلکہ یا تو قصاص کرے یا دیت لے لے (جو بھی مسلمین کی مصلحت میں ہو)
بچے کے ولی کا زخم اور جراحت کے موارد میں مجرم کو معاف کردینا
کیا باپ اپنے چھوٹے بچے کی ان جراحتوں اور زخموں ، چاہے وہ عمدی ہوں یا غیر عمدی کے مورد میں جو دوسروںنے اس کے بدن پر نے وارد کی ہوں، دیت سے بھی درگذر کرسکتا ہے اور قصاص سے بھی صرف نظر؟ جبکہ باب قصاص میں فتویٰ اور قانون یہ ہے کہ ”صغیر کا ولی حق نہیں رکھتا کہ مجّاناً (مفت) قاتل کو معاف کردے“ کیا یہ موضوع ان جراحات اور نقصانات کی طرف بھی سرایت کرے گا جو قصاص یا دیت کا سبب بنتا ہے؟
کوئی فرق نہیں کرتا؛ لیکن صغیر کی مصلحت کو مدنظر رکھنا چاہیے اور صغیر کی مصلحتغالباً دیت لینے میں ہے۔
مقتول کے تمام اولیاء دم کا مجنون یا صغیر ہونا
قصاص کو انجام دینے کے سلسلے میں نیچے بیان ہوئے دو فرضوں میں اپنی مبارک نظر بیان فرمائیں:الف) اگر مقتول کے وارثین ، ایک چھوٹے بچہ یا چند چھوٹے بچوں میں منحصر ہوں تو حکم کیا ہے؟
اگر ان کی مصلحت دیت لینے میں ہو اور قاتل بھی دیت دینے پر راضی ہو تو دیت لینا چاہیے اور اگر ان کی مصلحت قصاص میں ہو تو ولی دم (وارث) قصاص کرسکتا ہے اور ابہام کی صورت میں قاتل کو معتبر وثیقہ لے کر آزاد کردیں تاکہ بچے بڑے ہوکر خود فیصلہ کریں۔
اولیاء دم کا دیت سے قصاص کی طرف پلٹ جانا
اگر اولیاء دم نے دیت کا تقاضا ہو کیا وصولی سے پہلے اپنی نظر کو تبدیل کرسکتے اور قصاص کا تقاضا کرسکتے ہیں؟ دیت کی وصولی کے بعد حکم کیا ہے؟
دیت کی وصولی کے بعد جائز نہیں ہے اور پہلے بھی اگر مصالحہٴ شرعیہ دیت کے اوپر انجام پایا ہوتو اس کی تغییر بھی جائز نہیں ہے۔
اولیاء دم کا قصاص سے دیت کی طرف پلٹ جانا
اگر اولیاء دم قصاص کا تقاضا کریں کیا حکم جاری ہونے سے پہلے فقط معاف کرسکتے ہیں؟ یا دیت کے مطالبہ کا بھی امکان ہے؟ کیا اس حالت میں قاتل سے مصالحہ کرکے دیت سے زیادہ کوئی چیز طلب کی جاسکتی ہے؟
قصاص کو قاتل کی رضایت سے ہر چیز سے بدلا جاسکتا ہے لیکن انصاف کی رعایت کرنا ہر حال میں اچھا ہے۔